یکم محرم کی مجالس ، امام حسینؓ اور 72جانثاروں کی قربانیوں کو سپاسِ عقیدت

September 13, 2018

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) حضرت امام حسینؓ اور ان کے 72جانثاروں کی لازوال قربانیوں کو سپاسِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک کے دیگر شہروں کی طرح جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف امامبارگاہوں اور عزاخانوں میں یکم محرم کی مجالس کا انعقاد کیا گیا ۔علی مسجد راولپنڈی میں عشرہ محرم کی پہلی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے الحاج علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ کربلا بدکرداری کے مقابلے میں تقویٰ و طہارت کی وہ رزمگاہ ہے جہاں ہر پیرو جواں پرہیزگار ی اور ایمان کامل کا مجسمہ نظر آتا ہے۔مجلس عزا سے مفتی باسم زاھری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔امام بارگاہ قصر ابو طالب مغل آباد میں علامہ فضل عباس ہمدانی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہؓ کے چاند نے اسلام کو اپنے خون سے سیراب کیا ۔بارگاہ زینبیہ مغل آبادراولپنڈی کینٹ میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ بنت علی موسوی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے رہتی دنیا تک کے انسانوں کیلئے اپنے لہو سے وہ آئین رقم کردیا جس پر عمل پیرا ہوکر ہر انسان اپنی منزل مراد پاسکتا ہے ۔ امام بارگاہ ناصرالعزا میں علامہ حافظ تصدق حسین نے کہا کہ کربلا جبر کے مقابلے میں صبر کا استعارہ ہے ۔جامع مسجدجعفریہ میں عشرہ محرم کی پہلی مجلس عزا سے علامہ بشارت حسین امامی، امامبارگاہ کرنل مقبول حسین میں علامہ ڈاکٹر شبیہ الحسن رضوی نے عشرہ محرم کی مجالس سے خطاب کیا۔