جنوبی مشرقی ایشیا میں خطرناک سمندری طوفان کا خطرہ

September 14, 2018

ان دنوں ہر طرف امریکا میں آنے والے سمندری طوفان فلورینس کے چرچے ہیں لیکن اس سے کہیں زیادہ خطرناک طوفان نے جنوبی مشرقی ایشیا کے ممالک کا رخ کرلیا ہے۔

اس طوفان کو مَنگ کَھٹ کا نام دیا گیا ہے جسے امریکا میں آنے والے طوفان فلورینس سے کہیں زیادہ بڑا اور کہیں زیادہ خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔

پیش گوئی کی گئی ہے کہ یہ طوفان ہفتے کو فلپائن میں تباہی پھیلائے گا اور وہاں سے جنوبی چین ، ویت نام اور لاؤس کا رخ کرے گا۔

منگ کھٹ طوفان پہلے ہی گوام میں کافی تباہی پھیلا چکا ہے جہاں وسیع علاقے میں گھر تباہ اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، جبکہ سیلاب سے متعدد لوگ بے گھر ہوگئے۔

واضح رہے کہ گوام کا علاقہ امریکی عمل داری میں آتا ہے جس کے گورنر نے صدر ٹرمپ سے مدد کی اپیل کی ہے ۔