ایشیا کپ میں کوہلی کیوں نہیں، اے سی سی اور بی سی سی آئی الجھ پڑے

September 17, 2018

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے ایشیا کپ نہ کھیلنے پر ایشین کرکٹ کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ تصادم کی کیفیت میں ہے۔کوہلی کے ایونٹ نہ کھیلنے پر براڈ کاسٹرز نےاے سی سی کو احتجاجاًخط لکھ دیا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے ڈیو لپمنٹ منیجر پریرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کوہلی کے نہ کھیلنے سے ہمیں مالی خسارہ ہوسکتا ہے،ہمیں بتایا گیا تھا کہ 15 روزہ ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں کے بہترین کھلاڑی شریک ہوں گےاورکوہلی کا شرکت نہ کرنا ہمارے ساتھ اے سی سی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا ءکپ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو آرام دینے پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان کی عدم مو جو دگی سے ٹورنامنٹ کی آمدنی میں کمی ہوسکتی ہے۔

اس معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو کھری کھری سنادی کہ اے سی سی یا براڈ کاسٹر کسی قومی ٹیم کی سلیکشن پر اثر انداز نہیں ہوسکتے، کسی کھلاڑی کو منتخب کرنا یا نہ کرنا ہماراکام ہےاور سلیکشن پر براڈ کاسٹر کسی ملک کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔

یاد رہے کہ دورہ انگلینڈکے بعد بھارتی بورڈ نے کپتان کوہلی کو آرام کرانے کا فیصلہ دیا کیونکہ اکتوبر میںاویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز اورسال کے آخر میں دورہ آسٹریلیا ہےاور اسی لیے وہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔