حیدرآباد، شہر اور ملحقہ علاقوں سے ذوالجناح کے 18 ماتمی جلوس برآمد ہوئے

September 18, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) شہدائے کربلا کی یاد میں 6 محرم الحرام کو حیدرآباد شہر اور اس سے ملحقہ علاقوں سے ذوالجناح کے 18 سے زائد ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ عزادار رابطہ کمیٹی حیدرآباد کے آرگنائیزر زوار عبدالستار درس کے مطابق گذشتہ روز قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہونے والا مولا کا پِڑ پیر کو اختتام پذیر ہوا جبکہ کھائی روڈ سے مائی زوار کا جلوس‘ چھوٹکی گھٹی سے بھوچالو شاہ‘ اسٹیشن روڈ سے مرحوم یعقوب قصائی‘ صرافہ شاہی بازار سے جمن شاہ‘ ٹنڈو آغا سے امام بارگاہ علی آباد‘ درگاہ جڑیل شاہ‘ ٹنڈو ٹھوڑو سے جمن شاہ‘ کچھی محلہ پھلیلی پار سے دین محمد کچھی‘ ٹنڈو ولی محمد سے ساجد علی انصاری‘ امام بارگاہ جاگیر علی اکبر ٹنڈ و غفور شاہ جہانیاں قاسم آباد سے تابوت والا‘ مدینہ ٹاون ہالہ ناکہ سے ملنگ ثابت علی‘ شیدی محلہ کالی موری سے قادر بخش سولنگی‘ ٹنڈو میر نور محمد لطیف آباد نمبر 4 سے میر احسان علی‘ گوٹھ محبت ماچھی لطیف آباد نمبر 3 سے وکیل شاہ اور حسین آباد سے ملاحوں کے جلوس اور اللہ داد چنڈ گوٹھ سے شہزادہ قاسم ابن الحسن کی مہندیوں کے جلوس برآمد ہوئے جس میں حسین آباد چوک پر زنجیر زنی کا ماتم بھی ہوا۔ تمام ماتمی پِڑ اپنے مقررہ راستوں سے گذرتے ہوئے واپس انہی مقامات پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔