نندی پورکیس: پرویز اشرف اور بابر اعوان کی ضمانت منظور

September 18, 2018

احتساب عدالت میں نندی پور پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت میں نندی پور پاور پلانٹ کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کرلی گئی جبکہ دونوں کو 2 لاکھ روپے کےمچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نندی پورپاورپلانٹ ریفرنس کی سماعت 2اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں بڑی حیرت ہےکہ اس کیس میں ان کا نام کہاں سےآگیا؟ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف بنائے گئے کیس کا سر پیرنظرنہیں آرہا۔

راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ اس کیس سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ کےجج رحمت حسین جعفری نے تیار کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جسٹس رحمت حسین جعفری کی رپورٹ پڑھ لیں اس کیس کے حقائق سمجھ آجائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے وکلا اس کیس کو لڑیں گےبھی اور معاملہ سپریم کورٹ میں بھی اٹھائیں گے۔