کمیونٹی نئی نسل کو آگے لانے کیلئے بھرپور کوششیں کرے، نعیم الحسن

September 19, 2018

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر نعیم الحسن نے کہا ہے کہ برطانیہ میں آباد مسلم بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کو برطانوی معاشرہ میں اپنا بلند مقام حاصل کرنے اور اپنی نوجوان آنے والی نسل کو تعلیم، ٹیکنالوجی اور زندگی کے ہر شعبے میں آگے لانے کے لیے انفرادی اجتماعی کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کی مساجد اور مسلم فورمز میں باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق لارڈ میئر مانچسٹر نعیم الحسن نے کہا کہ برطانیہ کے یورپ سے علیحدگی کے بعد معاشرتی ملٹی کلچرل اور ملٹی فیتھ پر نسلی و اسلامو فوبیا کے اثرات بڑھ سکتے ہیں۔ تاہم ان تمام کا مقابلہ باہمی اتحاد سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پارلیمنٹ میں مسلم خصوصاً پاکستانی نژاد ممبران پارلیمنٹ قومی سطح پر متحرک اور شیڈو اور حکومتی وزیر ہیں۔ تاہم ہمیں اپنی آبادی کے لحاظ سے نمائندگی حاصل کرنے کے لئے اپنی مدد آپ اور باہمی اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ سابق لارڈ میئر نے کہا کہ مذہبی تہوار خاص طور پر شہادت امام حسینؓ عاشورہ، عید میلاد النبیﷺ اور عیدین پر ہمیں مکمل اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرکے نان مسلم کمیونٹیز کے ساتھ اجتماعی روابط کو مستحکم کرنا چاہیے۔