حضرت امام حسین ؓ کی زندگی مسلمانوں کیلئےمشعل راہ ہے،علیم الدین شاکر

September 19, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ) سیدالشہداء امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین ؓ اور ان کے رفقاء کرام کی بے مثال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عظیم الشان محفل ذکرامام حسین ؓ کا سیشن کورٹ بارروم لاہورمیں انعقاد کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی عالمی مجلس تحفظ کے سیکرٹری جنرل وخطیب جامع مسجد مولانا احمدعلی لاہوری اچھرہ مولانا قاری علیم الدین شاکرتھے جبکہ محفل میں راؤ تجمل عباس ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، سید محمودعلی شاہ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، نائب صدر مہرتنویراحمد، راؤ شکیل ایڈوکیٹ ، طیب قریشی ایڈوکیٹ سمیت سینئر وکلاء نے شرکت کی۔مولانا علیم الدین شاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول جگرگوشہ رسول حضرت امام حسین ؓ کی زندگی تمام مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔حضرت امام حسین ؓ نے اپنا تن من دھن مال و دولت سب کچھ اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے قربان کردیا۔اوراپنی اور خاندان کی شہادت پیش کر کے اپنے نانا کے دین کی حفاظت کی ۔آپ ؓ کا کردار ہمیں آپس میں متحد ہوکر اسلام کے درخشندہ اسولوں کی پابندی اور پاسداری کرنے اور نفاق اور انتشار سے بچ کر ملت واحدہ بننے کی ترغیب دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ میں کردار حسینی کو اپنانے کی شدید ضرورت ہے۔ غلبہ اسلام کے لیے باطل قوتوں کے خلاف برسرپیکاررہنا اور مسلمانوں کے خلاف کھلی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہی پیغام کربلا ہے۔