میرپورخاص :گرمی کی شدید لہر، عوام بے حال،نظام زندگی درہم برہم

September 20, 2018

میرپورخاص(نامہ نگار)میرپورخاص میں گرمی کی شدید لہر، خشک موسم میں گرمی کی شدت نے عوام بے حال ،نظام زندگی درہم برہم ہوکررہ گیا،جبکہ پینے کا پانی نایاب ہونے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ میرپورخاص اور اس کے گردونواح کے علاقے بدھ کی صبح ہی سے غیر متو قع طور پرشدید گرمی کی لپیٹ میں رہےاور یوں لگ رہا تھا کہ جلال میں آیا سورج سواء نیزے پر آکر کھڑا ہوگیا ہے،سورج کی سخت تپش اور بدن کو جھلسا دینے والی لوکے باعث گلی ،محلوں،سڑکوں اور بازاروں میں ہوکا عالم تھا،عوام کی بڑی تعداد گھروں تک محدود ہوکر رہ گئی جبکہ کاروباری،تعمیراتی اور صنعتی سرگرمیاں بھی مانند پڑگئیں، پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ برف ناپید ہوگیا، گرمی کے ستائےلوگ برف تلاش کرتے رہے۔قریبی اضلاع اور اندرون ضلع سے سامان کی خریداری کے لئے میرپورخاص شہر آنے والے مسافر شدید مشکلات سے دوچار رہے اور سائے کی تلاش میں سرگرداں دکھائے دیئے،اچانک سخت گرمی کی لہر سے بخار،نزلہ ،زکام،الرجی اور دیگر مختلف بیماریوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے .ڈاکٹروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے محتاط رہیں،سر ڈھانپ کر رکھیں زیادہ پکے پھل کھانے سے گریز کریں ۔