تقرری خوش آئند، زلفی بخاری برٹش پاکستانیوں کو درپیش مسائل بخوبی جانتے ہیں، پاکستان نژ اد ایم پیز

September 20, 2018

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) حکمراں کنزرویٹو اور اپوزیشن کی لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد پاکستان نژاد برٹش پاکستانی پارلیمنٹرینز نے زلفی بخاری کو اوورسیز پاکستانیوں کی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سے متعلق امور پر وزیر اعظم پاکستان کا معاون خصوصی مقرر کئے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے تقرر پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والی سابق کیبنٹ منسٹر بیرونس سعیدہ وارثی رکن پارلیمنٹ رحمٰن چشتی اور لیبر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ افضل خان، یاسمین قریشی اور ناز شاہ نے ٹوئٹر پر خیرمقدمی ریمارکس پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سید ذوالفقاار عباس بخاری المعروف زلفی بخاری کا تقرر اوورسیز پاکستانیوں خاص طورپر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے ایک اچھی علامت ہے۔ کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رحمٰن چشتی نے سب سے پہلے زلفی بخاری کو مبارکباد دی۔ انھوں نے نہ صرف ان کے تقرر کا خیرمقدم کیا بلکہ اس تقرری کو اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بہت بڑی خبر قرار دیا۔ انھو ں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سے متعلق امور پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی اوربرٹش پاکستانی ہونے کی حیثیت سے زلفی برطانیہ میں برٹش پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے زیادہ اچھی طرح واقف ہیں۔ سعیدہ وارثی نے اپنے پیغام میں کہا کہ برٹش پاکستانی وہ پاور ہائوس ہیں، جن سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا گیا، ایک نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے اس قیمتی ذریعے سے استفادہ کرنے کیلئے زلفی بخاری کا اوورسیز پاکستانیز ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سے متعلق امور پر وزیر اعظم کےمعاون خصوصی کی حیثیت سے تقرر پر خوشی ہوئی۔ بریڈ فورڈ سے لیبر پارٹی کی رکن ناز شاہ نے بھی ٹوئٹر پر زلفی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ ناز شاہ نے برٹش پاکستانیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انھوں نے زلفی بخاری، عمران خان اور مانچسٹر میں ان کے 2دیگر تاجر دوستوں انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی۔ یہ تصویر رواں سال کے اوائل میں عمران خان کے برطانوی پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر لی گئی تھی۔ مانچسٹر سے لیبر رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ اچھا فیصلہ ہے، میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات کے قیام کیلئے ان کے ساتھ کام کروں گا۔ مختلف شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کی مشترکہ دلچسپی کی طویل تاریخ ہے، میں دونوں ملکوں کی مدد کروں گا۔ لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کہا کہ زلفی بخاری کی خدمات کی بہت ضرورت تھی۔ مجھے زلفی بخاری کے تقرر کی خبر پر بہت خوشی ہوئی، میں ان کے ساتھ ملاقات اور ان کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں، زلفی بخاری برطانیہ میں کامیاب تاجر اور مخیر فرد کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، انھوں نے شوکت خانم میموریل ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کیلئے رقم جمع کی، ایک مرتبہ انھوں نے ایک ہی رات کے دوران نمل یونیورسٹی کیلئے ڈیڑھ لاکھ پونڈ جمع کئے تھے۔