انجمن امامیہ کے زیراہتمام جرمنی میں شہادت امام حسینؓ کانفرنس کا انعقاد

September 20, 2018

فرینکفرٹ (پ ر) انجمن امامیہ فرائی برگ (Freiburg)جرمنی میں ایک عظیم الشان شہادت امام حسینؓ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں شیعہ ،سنی علماء کرام نے بھی شرکت کی، کانفرنس کا مقصد سنی، شیعہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذکر حسینؓ کرنا تھا، اس تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے قاری شاہ سلطان نے کیا۔ بارگاہ امام حسینؓ میں عقیدت کے پھول ریاض الدین، ڈاکٹر خالدینی، محمد حماد قادری، محمد عثمان، عمیر اور دیگر نے پیش کئے۔ نقابت کے فرائض سید تصور عباس نے انجام دیئے۔ اس موقع پر ممتاز عالم دین صاحبزادہ سید علی جیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شافع محشر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اپنے نواسے سے محبت بے مثال تھی۔ امام حسینؓ کی شہادت نے انسانیت کو جینے کا سلیقہ سکھایا ، ظالم و جابر حکمرانوں کی آنکھوں میںآنکھیں ڈال کر بات کرنے کا حوصلہ بخشا اور دین محمدی کو بقا بخشی۔ ممتاز عالم دین اور چیئرمین انٹرنیشنل پیس کونسل مفتی ممتاز حسین پیرزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق و باطل میں جتنا تذکرہ شہادت حسین کا ہے اتنا 14صدیوںمیں کسی کا نہیں ہوا یہ ہی وجہ ہے کہ آج ہر شخص باطل قوت کے سامنے سینہ تان کے کھڑا ہوتا ہے۔ ذکر حسین اور حب اہل بیت انسانیت کو ہمیشہ سربلند کرتی ہے۔ شیعہ عالم دین مولانا اسماعیل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ، سنی اتحاد کا یہ مظاہرہ ثابت کرتا ہے کہ محبت حسینؓ اور محبت اہل بیتؓ ہم سب کو اکھٹا کرتی ہے، یہ پروگرام اتحاد کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔