ہوم اکنامکس فیکلٹی میں طالبات کی عدم دلچسپی، کالج میں صرف80داخلے

September 20, 2018

کراچی (سید محمد عسکری+ اسٹاف رپورٹر) کراچی کے واحد ہوم اکنامکس کالج میں انتہائی کم داخلے ہونے کی شرح برقرار ہے، مرکزی داخلہ کمیٹی کے تحت صرف80 داخلے ہونے کے باعث داخلوں کا اختیار گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کو دے دیا گیا ہے، ماضی میں اس کالج میں داخلوں کے لئے سفارش لگائی جاتی تھی اور300 یا اس سے زائد داخلے ہوتے تھے تاہم رواں سال مرکزی داخلہ کمیٹی کے پاس ہوم اکنامکس کے لئے صرف80 داخلہ فارم جمع ہوئے اور تمام امیدواروں کو داخلہ دے دیا گیا۔ ڈائریکٹر کالجز کراچی پروفیسر معشوق بلوچ کے مطابق ہوم اکنامکس ایک بہترین فیکلٹی ہے، ہمیں حیرت ہے کہ اس میں اب طالبات کا رجحان کم کیوں ہو رہا ہے، یہاں داخلے زیادہ ہوں اس لئے ہم نے داخلوں کا اختیار اب کالج پرنسپل کو دے دیا ہے۔ گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی پرنسپل کے مطابق کالج میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز24ستمبر2018ء سے ہوگا، وہ طالبات جو ہوم اکنامکس کالج میں داخلہ لینے کی خواہش مند ہیں وہ اب براہ راست کالج سے فارم لے سکتی ہیں۔