شہدائے کربلا نے خون سے شجراسلام کی آبیاری کی ،علماء

September 20, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ) شہدائے کربلا نے اپنے خون سے شجر اسلام کی آبیاری کی۔ عظمت اہل بیت کے ترانے تاقیامت گونجتے رہیں گے۔ حسینیت کے پیغام پر عمل کر کے دنیا امن سے آشنا ہو سکتی ہے۔ ایمان کامل کے لئے خاندان نبوت سے وفاداری ناگزیر ہے۔ آج کے اس پرفتن دور میں کردار حسین کو سمجھنے اور پیغام حسین کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارعالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیزالرحمن ثانی مولانا عبدالنعیم،مولانا قاری علیم الدین شاکر،قاری جمیل الرحمن اختر ،مولانا قاری ظہوالحق،مولانا مسعوداحمد،مولانا محبوب الحسن طاہر نے شان امام حسین ؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کربلا سے اسلام کے لئے جینے مرنے کا درس ملتا ہے۔ اسلام دشمن طاقتیں حسینی جذبے کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔ مسلم نوجوان حسینی جذبوں سے سرشار ہو کر ہر باطل قوت کے سامنے سینہ سپر ہو جائیں۔ حسینیت سرخروئی اور یزیدیت رسوائی کی علامت ہے۔ امام عالی مقام حضرت امام حسین جنتی نوجوانوں کے سردار ہیں ۔