جامعہ پشاور کے چھ پی ایچ ڈی موضوعات کی منظوری

September 20, 2018

پشاور (خبر نگار خصوصی )جامعہ پشاور کے ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (اے ایس آر بی) کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف کی صدارت میں منعقد ہوا،جس میں چھ پی ایچ ڈی موضوعات اور پانچ سب اے ایس آر بی کمیٹیوں کے منٹس کی منظوری دی گئی ۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں پانچ پی ایچ سکا لرز کی مدت مطالعہ میں توسیع جبکہ تمام ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کی جانب سے ہر سمسٹر کے واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔اس دوران یہ بھی طے پایا کہ سپروائزرز کی اسپلائزیشن کے مطابق ہی سکالرز کیلئے نگران مقرر کئے جائیں گے جبکہ متعلقہ شعبہ جات کو پی ایچ ڈی پروگرام چلانے کیلئے تین پی ایچ ڈیز کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی ۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ زائدالمیعاد کیسز قرار دیئے جانے کے بعد دوبارہ توسیع نہیں دی جائے گی اور داخلہ ختم تصور کیا جائے گا جبکہ تحقیقات میں تمام فیصلے بورڈ آف سٹڈیز ،فیکلٹی آف سٹڈیز، اکیڈیمک کونسل اور سینڈیکیٹ کے اصولوں کی روشنی میں کئے جائیں گے ۔