صدر اور وزیر اعظم کا یوم عاشور پر پیغام

September 21, 2018

وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ یوم عاشور ہمیں شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نےکہا ہے کہ واقعہ کربلا ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے، ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں سب کی بقا ہے۔

ادھر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور کےموقع پر کہا کہ یوم عاشور ہمیں شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ مقاصد، استقامت اور حق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔