خضدار،نواز شریف ، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کی خوشی میں ن لیگ کی ریلی

September 21, 2018

خضدار(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) خضدار کی جانب سے سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، مریم نواز ، کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کی خوشی میں ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء کی قیادت مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر میر عبدالرحمن زہری کررہے تھے ، ریلی کے شرکاء ، نواب ثناء اللہ خان زہری کے حق میں نعرے بازی بھی کررہے تھے ، خضدارپریس کلب میں مسلم لیگ(ن) ریلی کے شرکاء میں مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر کے میر عبدالرحمن زہری ، عید محمد ایڈوکیٹ ،میر سعیداحمد زرکزئی ، منیراحمد قمبرانی ، میر محمد اکبر جتک ، رئیس عبدالحی زہری ، عبدالجبار زہری ، نصراللہ شاہوانی ودیگر شریک تھے ،شرکاء سے میر عبدالرحمن زہری عید محمد ایڈوکیٹ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میاں محمد نواز شریف ، مریم نواز ،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی رہائی حق و سچ اور جمہوریت کی فتح ہے ، جمہوریت کو جتنا دبایا جائے و ہ اتنا ہی ابھر تی ہے ، میاں محمد نواز شریف جتنی زیادہ صعوبتوں سے گزرے ہیں اس کی نظیر نہیں ملتی ہے ، ہم سمجھتے ہیں کہ ان کی رہائی کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ، ہم سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جرات کوبھی سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ آخری حد تک میاں نواز شریف کے ساتھ دیکر جمہوریت کے استحکام میں شریک رہے ، انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے پاس ناکامی کے سوا کچھ بھی نہیں ۔ ایک جانب تو عمران بھیک مانگ رہا ہے اور دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس کا سامان بھی بیچ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جس کے پاس وژن نہ ہو اور جس کو حکومت چلانانہ آتا ہو وہ زیا دہ دیر تک حکومت نہیں کرسکتا ۔ ایک بار پھر نواز شریف کی حکومت آئیگی اور نواب ثناء اللہ خان وزیراعلیٰ بنیں گے انشاء اللہ ماضی کی طرح ملک کی تعمیر و ترقی اپنی راہ پر چل پڑیگی۔ جن بوگس نمائندوں کو اقتدار دیا گیا ہے اس کی وجہ سے ملک کی معیشت نہ صرف پستی کی جانب جائیگی بلکہ اپنے مقاصد بھی موجودہ حکومت کے دور میں حاصل نہیں کر پائیگا۔انہوں نے کہاکہ قوم موجودہ جعلی حکومت کے آنے سے مایوسی کا شکار ہوگئی ہے اور اس نے آتے ہی اشیاء کی قیمتوں کا بے پنا ہ اضافہ کردیا ہے اور مہنگائی کو بامِ عروج تک لے گئی ہے۔