اعلی عہدوں پر ڈپلومہ انجینئرز کی تعیناتی واپس لینے کا مطالبہ

September 21, 2018

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ عہدوں پر تعینات جونیئر انجینئروں اور ڈپلومہ انجینئروں کی تعیناتی فوری واپس لی جائے ، یہ بات ایسوسی ایشن کے چیئرمین انجینئر عادل نصیر نے منگل کو بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اجلاس میں چیف انجینئر الیاس لاشاری ، انجینئر فیض محسن ، انجینئر میر احمد مینگل ، انجینئر وسیم حیدر ، انجینئر شہاب مگسی ، وائس چیئرمین برکت للہ ، جنرل سیکرٹری بشیر آغا ، انجینئر امتیاز رند ، چیف انجینئر ظفر گچکی ، شکیل شاہوانی ، عظیم خان ناصر سمیت دیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں انجینئروں کے سروس اسٹرکچر ، بے روزگاری سمیت دیگرمسائل پر تفصیلی غور کیا گیا اور حال ہی میں دو سینئر انجینئرز کی برخاستگی پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر عادل نصیر اور دیگر نے کہا کہ ایسوسی ایشن برخاست انجینئرز کی بحالی کیلئے قانونی اور آئینی راستہ اپنائے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی ، انہوں نے حال ہی میں سیکرٹری ایری گیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن میں جونیئر انجینئرز کی واپسی اور سینئر انجینئرز کیلئے اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی کے مواقع پیدا کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات پرزور دیا کہ میرٹ اور سینارٹی کی بنیاد پرانجینئروں کی تقرری کے احکامات جاری کئے جائیں اور اس پرعمل کیا جائے ۔