روتے ہوئےافغان بولر آفتاب کو شعیب ملک نےگلے لگا لیا

September 23, 2018

دبئی(نمائندہ خصوصی)پاکستانی کرکٹرشعیب ملک نےافغانستا ن کے خلاف میچ کے بعد جس طرح روتے ہوئے بولر آفتاب کو گلے لگایا۔وہ آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے حق دار بن سکتے ہیں۔اس سے قبل اسی طرح کا جذبہ دکھانے پر نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ اور انگلش ویمنز کرکٹر کو یہ ایوارڈز مل چکے ہیں۔شعیب ملک کا کہنا ہے کہ میچ ختم ہوگیا تھا۔ قدر انسانیت اور انسانی رویوں کی ہوتی ہے۔ہفتے کی شب آل راؤنڈر شعیب ملک نے جہاں گزشتہ روز افغانستان سے میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، وہیں ان کے شکست پر دلبرداشتہ ہوجانے والے افغان بولر آفتاب عالم کی دل جوئی کرنے کے انداز نے بھی مداحوں کے جیت لیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ 2018، سپر فور کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔شکست کے بعد جہاں پوری افغان ٹیم دلبرداشتہ ہوئی، وہیں ایک بولر آفتاب عالم نے پچ پر ہی بیٹھ کر رونا شروع کردیا، جس پر شعیب ملک ان کے پاس گئے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں چپ بھی کروایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔میچ کے بعد شعیب ملک نے افغان ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن بدن اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ان کی فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ سب بہترین ہوچکی ہے۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اس بات سے انکار نہیں کہ افغانستان نے بہت محنت کی اور پاکستان کو ٹف ٹائم بھی دیا لیکن ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔شعیب ملک نے جیت کا کریڈٹ پوری پاکستانی ٹیم کو دیا اور کہا کہ مجھ سے پہلے اگر نواز یا حسن چھکے نہیں لگاتے تو شاید مشکل ہوجاتی۔شعیب ملک کا فاتح چھکا اور جیت کے بعد افغان بولر کو حوصلہ دینے کے اقدام کو مداحوں نے قابل ستائش قرار دیا ہے۔