جناح گارڈن ہائوسنگ سکیم فیز ون کا لے آئوٹ پلان منسوخ

September 23, 2018

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے نے جناح گارڈن ہائوسنگ سکیم فیز ون زون فائیو اسلام آباد کا لے آئوٹ پلان منسوخ کر دیا ۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر ہائوسنگ سوسائٹیز اعجاز احمد شیخ کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اصغر خان نیازی کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی سکیم جناح گارڈن ون کا لے آئوٹ پلان سی ڈی اے نے 9 اپریل 2011 کو منظور کیا تھا۔ یہ سکیم 2548 کنال پر مشتمل تھی جس میں 2397 پلاٹس تخلیق کئے گئے۔ یہ امر باعث تشویش ہے کہ سوسائٹی نے لے آئوٹ پلان کی منظوری کی شرائط پر عمل نہیں کیا۔ سوسائٹی نےسکیم کا این او سی نہیں لیا۔ لے آئوٹ پلان کی منظوری دیتے وقت واضح کردیا گیا تھا کہ این او سی لئے بغیر آپ کو پلاٹوں کی فروخت اور ڈویلپمنٹ کی اجازت نہیں ہے۔ سکیم میں موقع پر ڈویلپمنٹ اور عمارتوں کی تعمیر سی ڈی اے آرڈی نینس 1960، آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشن 1992 اور اسلام آباد بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2005 کی خلاف ورزی ہے۔ خط میں سوسائٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ این او سی کے اجراء تک ڈویلپمنٹ اور بلڈنگ کی تعمیر کا کام فوری طور پر بند کرے۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ سات سالوں میں کئی نوٹس اور شوکاز نوٹس سکیم کو جاری کئے گئے مگر سوسائٹی نے نہ تو کام بند کیا اور نہ ہی لے آئوٹ پلان کی شرائط کے مطابق سی ڈی اے سے این او سی حاصل کیا۔ لے آئوٹ پلان میں پبلک بلڈنگ کیلئے 102.40 کنال، پارکس، گرین اور اربن ایریاکیلئے 220 کنال اور قبرستان کیلئے 57.40 کنال اراضی مختص کی گئی تھی۔یہ ایریا مجموعی طور پر 379.80 کنال بنتا ہے۔ یہ امر باعث تشویش ہے کہ سوسائٹی نے منظور شدہ لے آئوٹ پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پارکوں، گرین اور اربن ایریا، پبلک بلڈنگز مثلاً سکول، ہسپتال، کمیونٹی سنٹر اور قبرستان کیلئے مختص اراضی کو رہائشی وکمرشل پلاٹوں میں تبدیل کر دیا ۔ سکیم سے گزرنے والے نالے کی چوڑائی کم کرکے رائٹ آف وے کو پلاٹوں میں شامل کر دیا گیا۔ یہ فراڈ اور اعتماد کو مجروح کرنے کے زمرے میں آتا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سوسائٹی نے فیس اور جرمانوں کی مد میں 1,92,81,640 روپے کی رقم بھی سی ڈی اے کو ادا نہیں کی۔