خود کشی کے واقعات کا سبب غربت اوربیروزگاری ہے، کرشنا کولہی

September 24, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ کے سیاستدانوں، ماہر نفسیات اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے سندھ میں خودکشی کے واقعات میں اضافے کو تشویشناک قرار دیا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو مذکورہ رجحانات کی روک تھام کے لیے آگے آنا ہوگا۔ حیدرآباد پریس کلب میں سندھ میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے مسئلے پر پروگرام کا انعقاد کیا گیا، پروگرام کی مہمان خصوصی سینیٹر کرشنا کولہی تھیں، جبکہ نامور ماہر نفسیات ڈاکٹر ایشور کمار، ویرجی کولہی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینیٹر کرشنا کولہی نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کےلیے میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کروں گی، خودکشی کے زیادہ واقعات کولہی برادری میں پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کولہی برادی میں شعور دینا ہے،تعلیم دینی ہے، تھر پارکر میں بہت مسائل ہیں، جنہیں ایک عورت برداشت نہیں کرپاتی، غربت اور بےروزگاری کے باعث ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ رواں برس سندھ میں 50 سے زائد خودکشی کے واقعات رہنما ہوئےجن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی کے بے شمار اسباب ہیں جن میں سماجی بے حسی، غربت، بے روزگاری، بھوک اور دیگر عوامل شامل ہیں، مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پڑھے لکھے نوجوان ملازمت نہ ملنے کی وجہ سے مایوس ہوکر موت کو خوشی خوشی گلے لگا تے ہیں، حکومتوں کی جانب سے بے روزگاری، افلاس اور دیگر سماجی مسائل کے حل کے لیے دعوے تو بڑے کیے جاتے ہیں مگر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے معاشرہ خودکشی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو سندھ میں خودکشی کے رجحانات کو ختم کرنے کے لے آگے بڑھنا ہوگا۔