وزیراعظم کی سربراہی میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،گورنر سندھ

September 24, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صحافت نہ صرف عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کا موئثر ذریعہ ہے بلکہ اس سے عوامی مسائل کی نشاندہی اوران کے جلد از جلد حل میں بھی مدد ملتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گورنر ہاؤس میں ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران کیا، گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم پاکستان کی سربراہی میں عوامی مسائل کے حل، بدعنوانی کے خاتمہ اور عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں ، گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کے لئے وزیر اعظم پاکستان کا وژن دراصل بابائے قوم کا وژن ہے جس کے تحت ہر پاکستانی کو ان کے حقوق کی فراہمی، زندگی کی بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے میں پائی جانے والی خرابیوں اور عوامی مسائل کا ذاتی طور پر مشاہدہ کرتا ہے، جسے حکومت وقت کے علم میں لاکر ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جاسکتے ہیں، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صحافیوں کی بھی یہ ذمے داری ہے کہ وہ پوری دیانت داری سے مسائل کی نشاندہی کریں اور خبر میں تحقیق اور تصدیق کے عنصر کو لازمی طور پر شامل کریں ۔