افغانستان سے پولیو وائرس راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں پہنچ گیا

September 24, 2018

راولپنڈی (این این آئی)افغانستان کے صوبے قندھار اور ہلمند میں پیدا ہونے والا پولیو وائرس پاکستان میں راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، افغانستان سے پاکستان سفر کرنے وا لے افراد کے ساتھ وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو کے نیشنل رابطہ کار رانا محمد صفدر نے بتایا کہ وائرس پشاور اور خیبرپختونخوا میں پایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے پاکستان سفر کرنے والے افراد کے ساتھ وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس کے سدباب کے لیے بچوں کے مدافعتی نظام کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔رانا محمد صفدر کے مطابق افغانستان کی سرحد کے پاس تقریباً 14 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم سیکیورٹی خدشات کے پڑوسی ملک کے مختلف صوبوں میں پولیو مہم جاری نہیں رکھی جا سکی۔انہوں نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے انکشاف ہوا کہ پولیو وائرس افغانستان سے پا کستا ن پہنچا۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں تین پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تمام تینوں کیسز ایک ہی ضلع میں رپورٹ ہوئے۔رانا محمد صفدر کے مطا بق چوتھا پولیو وائرس کیس چارسدہ میں سامنے آیا جس میں 18 ماہ کا بچہ متاثر ہواتاہم وہ معذور نہیں ہوا کیونکہ بچے کی باقاعدہ ویکسین چل رہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ 3 روزہ ویکسی نیشن پروگرام کے تحت تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد 5 سال تک کی عمر کے بچے مستفید ہوں گے۔