بھارت کو خطے کا پولیس مین نہیں بننے دیں گے،رضا ربانی

September 24, 2018

سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ بھارت کو خطے کا پولیس مین نہیں بننے دیں گے ،وزیر اعظم نے تریندر مودی کو خط میں کہا کہ وہ دہشت گردی پر بات کرنے کو تیارہیں، کس کو علم نہیں کہ بھارت کا دہشت گردی پر کیا موقف ہے؟

سینیٹ میں خطاب کے دوران رضا ربانی نے کہا کہ کیا سب ایک سپرپاوور کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے، خارجہ پالیسی میں تبدیلی کے اشارے نظر آرہے ہیں لیکن ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پوسٹ کے ٹکٹس میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیاتاہم موجودہ حکومت کے دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ ٹکٹ نگراں حکومت کے دور میں جاری ہوئے ، کیا حکومت نے ان ٹکٹوں سے اظہار لا تعلقی کر دیا ؟ کیا حکومت کشمیر کی اخلاقی حمایت سے پیچھے ہٹ رہی ہے ؟وہ کونسی خفیہ طاقتیں ہیں جنھیں خوش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ حکومت سفارتی زبان استعمال کرے، دنیا کو بتائے کہ بھارت مذاکرات سے انکارکیوں کرتا ہے، پاکستان کی افواج اور عوام بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھپکیوں میں نہیں آنے والے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیان کے خلاف سینیٹ سے قرار داد منظور کرنا ، سینیٹ کو نیچا دکھانے سے مترادف ہو گا،بھارتی وزیر اعظم کے رسمی خط کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی پر بات کرنے کو تیارہے۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہندوستان کے آرمی چیف نے ایک فضول سا بیان دیا ، اس کی مذمت کرتے ہیں، چھوٹے لوگ بڑے عہدے پر آ گئے ہیں، یہ دھرنا نہیں ہے ، یہ ملک ہے، جسے سنجیدگی سے چلانا ہو گا۔