پاکستان نژاد ماسٹر شیف ڈاکٹر صالحہ کی کتاب ’’خزانہ‘‘ کی تقریب رونمائی

September 25, 2018

لندن (سعید نیازی) برطانیہ میںماسٹر شیف کا اعزاز جیتنے والی پاکستان نژاد ڈاکٹر صالحہ محمود نے کھانا بنانے کی کتاب ’’خزانہ‘‘ کے نام سے تحریر کی ہے جس کی تقریب رونمائی وسطی لندن کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صالحہ محمود نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کھانا بنانے کا شوق تو بچپن سے تھا ہی لیکن میری ہمیشہ سے یہ خواہش بھی رہی کہ میںکوئی کتاب لکھوں۔ ماسٹر شیف کے پروگرام میں مجھے اپنے کھانا بنانے کے ہنر کو دکھانے کا موقع ملا، انہوںنے کہا کہ میرے خاندان میں تمام افراد کو لکھنے پڑھنے کا شوق ہے۔ میرے نانااور والد باقاعدہ لکھتے ہیں۔ صالحہ محمود نے کہا کہ ان کی کتاب خزانہ میںایک سو دس سے زائد کھانا بنانے کی تراکیب ہیں ان کی جو تھیم ہے وہ مغلائی کھانے ہیں لیکن میںنے روایتی مغلائی کھانوں کو جدید طریقے سے تیار کیا ہے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں یہ منصوبہ مکمل کر پائی ہوںاور توقع ہے کہ میری کتاب سب کو بہت پسند آئے گی۔ انہوںنے کہا کہ اکثر بچیوں کو کھانا بنانے کا شوق نہیں ہوتا لیکن میںنے کھانا بنانے کی تراکیب کہانی کے طور پر بیان کی ہے اور کھانوں کی تراکیب کے ساتھ ساتھ ان کی تاریخبھی بیان کی ہے اور امید ہے کہ نوجوان جب اس کتاب کو پڑھیں گے تو انہیں کھانا بنانے کا شوق پیدا ہوگا۔ صالحہ محمود کے والد ڈاکٹر طارق محمود نے کہا کہ صالحہ کی کتاب کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے جو کہ ہمارے لئے باعث خوشی ہے۔ صالحہ کی والدہ اور بھائی نے کہا کہ صالحہ نے ماسٹر شیف کا اعزاز جیتنے کے بعد یہ کتاب لکھ کر ثابت کیا ہے کہ نوجوان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ اپنے شوق پر بھی توجہ دے سکتے ہیں اور صالحہ نے یہ کتاب لکھ کر اپنے بچپن کی خواہش پوری کی ہے۔