بجلی کی قیمتوں میں اضافہ موخر، گردشی قرضے عوام سے وصول نہیں کئے جائیں گے، اضافے کا بوجھ غریبوں اور صنعتوں پر نہیں ڈالا جائے گا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے

September 26, 2018

اسلام آباد(ایجنسیاں)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق فیصلہ موخر کرتے ہوئے نیپرا اور پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کے شعبہ میں سروس کی فراہمی کے معیار میں بہتری، نقصانات میں کمی اور ریکوری میں اضافہ کیلئے جامع پلان تیار کریں‘ذرائع کے مطابق کمیٹی نے بجلی نرخوں میںاضافے کا بوجھ غریبوں اور صنعتوں پر نہ ڈالنے اور گردشی قرضوں کی وصولی صارفین سے نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے‘ حکومت اپنے وسائل سے قرضہ اداکریگی‘اجلاس میں ای سی سی نے توانائی ڈویژن کی ایل این جی ٹرمینل اور ایل این جی معاہدوں سے متعلق رپورٹ مسترد کرتے ہوئے معاہدوں سے متعلق جامع و مکمل رپورٹ تیار کرکے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات کی ہے۔ ای سی سی کا اجلاس منگل کو وفاقی وزیر خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے بجلی کے شعبہ کیلئے نرخوں کو متناسب بنانے کیلئے پیش کی گئی تجویز پر ای سی سی نے نیپرا اور پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کے شعبہ میں سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نظام میں درپیش لاسز میں کمی اور ریکوری کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ تیار کریں۔