ڈاؤ یونیورسٹی کا کارنامہ، غذائیت کی کمی پورا کرنے والی دوا تیار

October 12, 2018

پاکستان میں پہلی بار ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے غذائیت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے دوا تیار کر لی ہے، دوا یونیورسٹی کی جانب سے دو روزہ نمائش میں مرکز نگاہ بنی رہی، نمائش کاافتتاح گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کیا۔

پاکستان میں ہر سال غذائیت کی کمی کے باعث تھر سمیت مختلف علاقوں میں بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری رہتا ہے، اس سے بچاؤ کی غرض سے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے سرکاری سطح پر ایک مخصوص دوا تیار کی ہے جسے اسپائرولینا کہا جاتا ہے۔

دوا ایکسپو سینٹر میں جاری دو روزہ نمائش میں پیش کی گئی جس کا افتتاح گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کیا۔

دنیا بھر میں پاور فوڈ کے نام سے مشہور اس دوا کو ڈاؤ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء نے مقامی موسمی صورت حال کو دیکھ کر تیار کیا ہے۔

نمائش میں ملک کی 35 جامعات کے 160 تحقیقی پراجیکٹ پیش کئے گئے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب میں گورنر سندھ نے اسے اچھی کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی سے نکلے ہوئے لوگ دنیا بھر میں نام روشن کر رہے ہیں۔

نمائش کے افتتاح سے قبل ڈاؤ ڈینٹل اور عشرت العباد اورل ہیلتھ کے ڈاکٹروں نے اپنی پی ایم ڈی سی سے رجسٹریشن نہ ہونے پر احتجاج کیا اور گورنر سندھ کو گھیر لیا جس پر گورنر سندھ نے انہیں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔