جاپان کا مالی سال 2019ءکا بجٹ 895 ارب ڈالر سے تجاوز کر جانے کا امکان

October 18, 2018

ٹوکیو (اے پی پی) جاپانی وزارتِ خزانہ نے کہا ہے کہ مالی سال 2019ء کیلئے قومی بجٹ میں عمومی خرچ ابتدائی منصوبے میں پہلی بار تقریباً 895 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ہے کیونکہ حکومت صارف ٹیکس میں طے شدہ اضافے کے ملکی معیشت پر اثرات کم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز وزیرِاعظم شینزو آبے نے کابینہ اجلاس میں سیلز ٹیکس ماہ اکتوبر 2019ءمیں 8 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزراءکو ہدایت کی کہ وہ اِس کے اثرات کم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ دوسری جانب وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ مالی سال 2019ءکے بجٹ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے وزارت کو دیگر اقدامات کے لئے فنڈز کی درخواست کرنا پڑ سکتی ہے، یہ درخواست مالی سال 2019ءکے لئے وزارتوں اور ایجنسیوں کے جانب سے 900 ارب ڈالر سے زائد کی طلب کے علاوہ ہوگی۔