پنجاب فوڈ اتھارٹی کے 6غیر قانونی ذبح خانوں پر چھاپے

October 20, 2018

دودھ اور انڈوں کے بعد پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر قانونی مذبح کے خلاف کارروائیاں شروع کر دیں، لاہور میں 6 غیرقانونی ذبح خانوں سے 6500کلو ناقص گوشت، 1000 کلوچربی برآمد کرلی گئی۔

فوڈ اتھارٹی نے باقیات سے نکالا گیا 800 لیٹر تیل بھی برآمد کرلیا، کارروائی کےبعد بکرامنڈی میں 6 غیر قانونی مذبح خانےسیل کردیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عثمان کا کہنا ہے کہ غیرقانونی ذبح خانوں میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت تیار کیا جاتا تھا،مضر صحت گوشت کو گندے فریزرز میں اسٹور کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ناقص گوشت کو جعلی مہریں لگا کر مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا،غیر قانونی ذبح خانے جانوروں کی باقیات سے تیل تیار کرنے کے مکروہ دھندے کو بھی فروغ دے رہے تھے۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے مزید بتایا کہبکر منڈی میں ہی جانوروں کی باقیات سے تیل تیار کرنے والا یونٹ بھی پکڑا گیا،1000 کلو سے زائد چربی جبکہ جانوروں کی باقیات سے تیار کردہ 800 لیٹر تیل کے12 ڈرم برآمد کر لیے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے یہ بھی کہا کہ گوشت بھی دودھ اور انڈوں کی طرح بنیادی اہمیت کی حامل غذا ہے، ناقص گوشت کے خاتمے کے لیے ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیمیں صوبے بھر میں متحرک ہیں۔