’’صوبہ بنانے کیلئے آئینی طریقہ کار موجود ہے‘‘

October 20, 2018

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صوبہ بنانے کیلئے آئینی طریقہ کار موجود ہے، پیپلز پارٹی نے جنوبی صوبہ پنجاب کیلئے سینٹ سے اکثریت حاصل کرلی تھی، اگر قومی اسمبلی میں اپوزیشن ساتھ دیتی تو جنوبی پنجاب صوبہ بنا لیتے۔

ملتان میں وویمن ٹریڈ فیئر کے دورہ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 129 دن دھرنے میں لوگوں کو حقوق کیلئے آگاہی دی گئی، لیکن جب اقتدار میں آئے تو عوام کو مایوسی ہوئی کہ وہ ایک اپوزیشن لیڈر کی بات تھی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت چلانے اور اپوزیشن کرنے میں زمین آسمان کا فرق ہے، جن 4 نشستوں کے لئے پی ٹی آئی نے دھرنا دیا تھا وہ ہار گئے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جنوبی صوبہ پنجاب کیلئے صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی میں قرار داد پیش کی تھی، کمیشن بھی بنایا تھا اور سینٹ سے صوبہ کیلئے اکثریت حاصل کرلی تھی لیکن اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں ساتھ نہیں دیا، جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بن سکا۔