وزن اُٹھانے اور دروازہ کھولنے والا ڈرون متعارف

November 05, 2018

امریکی ریاست کیلی فور نیا میں قائم اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے ماہرین نےایک ڈرون تیار کیا ہے جو دروازہ کھول سکتا ہے ،خود سے زیادہ وزن اُٹھا سکتا ہے اور کسی شے کو باندھ کر اسے کھینچ بھی سکتا ہے ۔تحقیق کے مطابق یہ ڈرون بہت سے کاموں میں استعمال ہوسکتاہے ۔اس کی اہم بات یہ ہے کہ یہ اپنے وزن سے 40 گنا زائد وزن اُٹھا سکتا ہے ۔

یہ تنگ جگہوں پر جا کر بھاری اشیا کو ہٹا کر راستہ بناتا ہے اور بھاری اشیا کو کھینچ بھی سکتا ہےاور ضرورت کے تحت رینگ بھی سکتا ہے۔ یہ سب کچھ اس کی چھوٹی جسامت کی وجہ سے ممکن ہے۔اگرچہ انہیں حادثات کی صورت میں تلاش اور مدد کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن ڈرون وقتی طور پر بہت سی جگہوں پر کسی پتھر یا دیوار سے چپک کر بھی بہت سے کام کرسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اسے بنانے کے لیے چھپکلی سے مدد لی گئی ہے اور اس میں ہک کی طر ح 32 ابھار لگائے گئے ہیں جو ڈرون کو ایک جگہ جم جانے میں مدد فراہم کرتے ہیں ۔اس روبوٹ کو ماہرین کی جانب سے ’’فلائے کروٹگ ‘‘ کانام دیا گیا ہے ،جس کا مطلب ہے یہ اُڑ سکتا ہے ،وزن اُٹھا سکتا اور رینگنے کا کام بھی کرسکتا ہے ۔اس کے نیچے ایک کیمرا نصب کیا گیا ہے جو زلزلے یا حادثے کے بعد پورے مقام کے احوال سے آگاہ کرتا ہے ۔