نیشنل سیونگز میں فراڈ: قومی خزانے کو ساڑھے 10 کروڑ کا نقصان

November 05, 2018

قومی بچت کے اسسٹنٹ سیونگ آفیسر نے قومی خزانے کو ساڑھے 10کروڑ 83 لاکھ 62ہزار روپے کا نقصان پہنچادیا۔

ڈیفنس برانچ لاہور میں گریڈ 14 کا افسر رئیس ملک انوائسز اور ڈیٹا بیس میں ردوبدل کر تا رہا، ملزم سے 9 کروڑ 39 لاکھ 71ہزار روپے وصول کر لیے گئے، مزید کارروائی کے لیے ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

نیشنل سیونگز میں فراڈ سامنے آیا ہے، اسسٹنٹ سیونگ آفیسر رئیس ملک نے جعل سازی کے ذریعے کھاتے کھولے، اسٹیٹ بینک سے کلیئر ہونے والی انوائسز میں بھی ردوبدل کرتا رہا، ملزم گزشتہ 3 سال سے فراڈ کر رہا تھا ۔

سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے ڈائریکٹر ندیم اقبال کے مطابق رئیس ملک کا فراڈ قومی بچت کے اپنے ہی سسٹم نے پکڑا، اس فراڈ میں کھاتے داروں کو ایک روپے کا بھی نقصان نہیں ہوا۔

رقم ڈیٹ سروسنگ کے لیے مقرر حکومتی اکاؤنٹ سے نکالی گئی، مزید کارروائی کے لیے ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے اعلامیے کے مطابق واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم رئیس ملک کے علاوہ گریڈ 17کے 2 اور گریڈ11 کے 4 ملازمین کو معطل کر کے محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت ملک بھر کی تمام برانچز میں رقوم کی منتقلی کی تصدیق کرائی جا رہی ہے، مستقبل قریب میں بائیو میٹرک سسٹم سے تصدیق کرانے طریقہ کار بھی نافذ کیا جائے گا تاکہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔