حجرہ شاہ مقیم: نہر کا خستہ حال پل ٹوٹ گیا، ٹرک دھنس گیا

November 06, 2018

پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے قصبے حجرہ شاہ مقیم میں بہنے والی نہر پر بنا خستہ حال پل ٹرک کا بوجھ برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا۔

پل کے ٹوٹنے سے اس پر موجود ٹرک پل کے ملبے میں دھنس گیا، راستہ بند ہو جانے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثرہوئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حجرہ شاہ مقیم کی نہر کے پل کا ایک حصہ پھل سے بھرے ٹرک کی گزرنے کی کوشش کے باعث درمیان سے ٹوٹ گیا، جس کی وجہ سے ٹرک پل میں دھنس گیا۔

پل ٹوٹنے اور ٹرک دھنسنےکی وجہ سے آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے اور گاڑیوں اور رکشہ والوں کا گزرنا محال ہو کر رہ گیا ہے، پل ٹوٹنے سے طلباء و طالبات کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔