ماضی کی معروف اداکارہ روحی بانو پراسرار طور پر لاپتا

November 08, 2018

اپنے دور کی سپر اسٹار، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور صدارتی ایواڈ برائے حسن کارکردگی کی حامل روحی بانو پراسرار طور پر لاپتا ہوگئیں۔

اداکارہ روحی بانو کئی برسوں سے نفسیاتی اور مالی مسائل کا شکار ہیں۔

روحی بانو نہ فاؤنٹین ہاؤس میں ہیں نہ اپنے گھرمیں، روحی بانو کی بہن کے گھر والے بھی اُن کے بارے میں لاعلم ہیں، آخر روحی بانو گئیں تو کہاں گئیں، کوئی بتانے کو تیار نہیں۔

ماضی کی معروف اداکارہ روحی بانو کی زندگی دکھوں سے بھری ہے، ازدواجی زندگی میں بے سکونی کیا کم تھی کہ اکلوتے بیٹے علی کے قتل سے گویا اُن کی زندگی کی تمام رعنائیاں چِھن گئیں، جس کے بعد فاؤنٹین ہاؤس روحی بانو کا مسکن بن گیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

ڈاکٹرز کے مطابق روحی بانو نفسیاتی مرض سیزوفرینیاکےمرض میں مبتلا ہیں، اور فاؤنٹین ہاؤس میں علاج کے لئے آتی جاتی رہی ہیں، جہاں ایک کمرہ ان کے لئے ہمیشہ مختص رہتا ہے۔

روحی بانو کو ایک سال قبل ان کی بہن فاؤنٹین ہاؤس سے اپنے گھر لے گئی تھیں، تب سے روحی بانو کےبارے میں کسی کو کچھ علم نہیں۔

لاہور کے علاقے گلبرگ میں روحی بانو کا گھر کھنڈر میں تبدیل ہوچکاہے، فاؤنٹین ہاؤس انتطامیہ کے مطابق روحی بانو کو ان کی بہن روبینہ گلبرگ میں واقع اپنے گھر لے گئی تھیں، اب روحی بانو کے بارے میں ان کی بہن ہی بہتر بتا سکتی ہیں، جو اس وقت کچھ بھی بتانے کو تیار نہیں۔