5سالہ محمد کے پوسٹ مارٹم کی اجازت، فضا سوگوار،نمازجنازہ آج ہوگی

November 12, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) زہر خورانی سے جاں بحق ہونے والے کمسن بچوں کے والد نے ایک بچے5سالہ محمد کا پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت دیدی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر جاں بحق بچوں کے والد اتوار کی شب اسپتال پہنچے تو پولیس نے بچوں کی اموات کا سبب معلوم کرنے کے لئے والد سے بچوں کا پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت مانگی تو شدت غم سے نڈھال والد نے پوسٹ مارٹم سے انکار کردیا۔ پولیس نے بچوں کے دادا اور عزیز و اقارب سے درخواست کی کہ وہ بچوں کے والد کو راضی کریں تاکہ وجہ کا تعین کیا جاسکے۔ عزیز و اقارب اور پولیس کی جانب سے سمجھانے پر بچوں کے والد نے ایک بچے کا پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت دیدی۔ پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں ڈاکٹر سیمی جمالی کی نگرانی میں پیر کو ہو گا۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی بچوں کے جاں بحق ہونے کی وجوہات سے متعلق کچھ کہا جاسکے گا ۔ قبل ازیں ڈیڑھ سالہ احمد کی میت جب گھر پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا، فضا سوگوار ہوگئی، ہر آنکھ اشک بار تھی اور بڑی تعداد میں اہل محلہ متاثرہ خاندان کے اپارٹمنٹ کے باہر موجود تھے جو ان بچوں کی ہلاکت پر افسردہ دکھائی دے رہے تھے۔ محمد ریفیلیکشن اسکول کورنگی کریک کا طالب علم تھا۔ بچوں کی نماز جنازہ آج ڈیفنس میں مسجد عائشہ میں صبح 10.30 پر ادا کی جائے گی۔ دریں اثناء ہوٹل انتظامیہ کا موقف ہے کہ صحت مندانہ اور مفید غذا ہرہوٹل کی بنیاد ہوتی ہے، ہوٹل انتظامیہ ہر صارف کو صحت مندانہ کھانا فراہم کرتی ہے، واقع کی بنیادی محرکات تک مکمل تحقیقات چاہتے ہیں، انتظامیہ بچوں کی ہلاکت کے واقع کی دل سے تعزیت کرتی ہے۔