فواد چودھری خود تو چور، ڈاکو نہیں، مگر سب کا اجلاس اُن گھر ہوتا ہے، مشاہد اللہ

November 12, 2018

ن لیگ کے سینیٹر مشاہداللہ خان نے پھر فواد چودھری اور پی ٹی آئی حکومت پریلغار کردی،مشاہداللہ نے کہا کہ فواد چودھری خود تو چور ڈاکو،جیب تراش اور قاتل نہیں ہیں، مگر ان سب کا ماہانہ اجلاس جہلم میں فواد چودھری کے گھر پرہی ہوتا ہے ۔

سینیٹر مشاہداللہ نے سینیٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی نے بیگنگ لکھ کر تاریخی غلطی کی ہے یا تاریخی حقیقت بیان کی ہے اس کا فیصلہ تاریخ اور عوام کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی بھکاری نے بھیک مانگنے سے پہلے ہی اعلان کردیا ہو کہ وہ فلاں جگہ بھیک مانگنے جارہا ہے ۔

مشاہد اللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ کسی وعدے پر عمل نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 2ملازم 2گاڑیوں اور گورنر ہاؤسز سمیت کسی وعدے پر عمل نہیں کیا ،چین ہو یا سعودی عرب ، دینے والے یہ ضرور دیکھتے ہیں کہ لینے والے بدعہد تو نہیں۔

سینیٹر مشاہداللہ نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہم جنونی ہیں ، یہ باتیں اپوزیشن میں چلتی ہیں اب نہیں چلیں گی ،مگر اب انہیں سوالوں کا جواب دینا ہوگا ، حکومت کو سوال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بار خدائی انصاف کچھ زیادہ ہی جلد شروع ہوگیا ، ختم نبوت والے ان کے دشمن ہیں ، کل تک دوست بنے ہوئے تھے، یہ کل کی ہی بات ہے جب شاہ محمود اور شیریں مزاری ان کے دھرنے میں گئی تھیں ۔

مشاہداللہ نے کہا کہ وہ لوگ کسی کو یہودی بچہ ، کسی کو قابل گردن زدنی قرار دے رہے ہیں اور حکومت انہیں لوگوں سے معاہدے کر رہی ہے ، اتنے سخت الفاظ کہنے والوں سے دستخط لے رہی ہے جبکہ آج حکومت یہ بتانے کی پوزیشن میں بھی نہیں کہ آسیہ ملک میں ہے یا نہیں۔