مضرصحت کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کی پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین

November 13, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن زمزمہ میں ریسٹورنٹ سے مبینہ طور پر مضرصحت کھانا کھانے سے جاں بحق دونوں بچوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ سے قبل نجی اسپتال میں زیرعلاج والدہ کو بچوں کا آخری دیدار بھی کرایا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کوشہر کے پوش علاقے ڈیفنس اور کلفٹن میں دو ریسٹورنٹس سے مبینہ طور پرمضرصحت کھانہ کھانے سے2 کمسن سگے بھائیوں کو ڈیڑھ سالہ احمد اور5 سالہ محمد جاں بحق اورانکی والدہ عائشہ بے ہوش ہو گئی تھیں۔پیر کو دونوں کمسن بھائیوں کی نماز جنازہ بعد نماز ظہرخیابان اتحاد سے متصل عائشہ مسجد میں ادا کی گئی، نمازجنازہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہلخانہ، عزیز و اقارب، رشتہ دار اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے ،نمازجنازہ میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور دیگر عہدیداران نےبھی شرکت کی، جاں بحق ہونے والے بچوں کوجسدخاکی ڈیفنس فیز7 میں لے جایا گیا جہاں انہیں آہوں اورسسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا، اس موقع پر انتہائی رفت انگیز مناظر میں دیکھنے میں آئے، جاں بحق ہونے والے بچوں کے والد اور دیگر رشتہ ڈھارے مار مار روتے رہے اوربچوں کو یاد کرتے رہے تاہم بچوں کے والد احسن نے میڈیا سے گفتگو سے گریز کیا، اس سے قبل رات گئے جاں بحق ہونے والے بڑے بچے محمد کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔