نیپرا نے کراچی میں پاور بریک ڈاؤن کا نوٹس لے لیا

November 13, 2018

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں پاور بریک ڈاؤن کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سے بریک ڈاؤن کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔

نیپرا نے گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے ایک اور بڑے بجلی بریک ڈاون کا نوٹس لے لیا، کے الیکٹرک سے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کے ناقص نیٹ ورک پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ماہ میں یہ پانچواں بریک ڈاؤن ہے ۔

نیپرا اعلامیہ میں میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک میں بریک ڈاؤن بن قاسم پاور پلانٹ کی بندش کے باعث ہوا، پاور پلانٹ بند ہونے کے باعث ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی اور کے الیکٹرک کا نیشنل گرڈ سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

اعلامیہ کے مطابق بریک ڈاؤن کے باعث گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد بہادر آباد، لیاقت آباد، محمود آباد صدر اور دیگر علاقوں سمیت 80فیصد کراچی شہر متاثر ہوا، لمبے دورانیے تک بجلی نہ ملنے سے شہریوں کی مشکلات بڑھیں۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ بریک ڈاؤن کی وجوہات اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔