پاکستان اور فرانس کے درمیان سودمند تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں، معین الحق

November 15, 2018

پیرس(رضا چوہدری/ صاحبزادہ عتیق) پاکستان کے 109ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے 10رکنی وفد نے کل سفارت خانہ پاکستان پیرس میں معین الحق سفیر پاکستان سے ملاقات کی۔ سفیر پاکستان نے وفد کو پاکستان اور فرانس کے باہمی تعلقات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں سودمند اور قریبی تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وفد کو سفارت خانہ کی عوامی سفارت کاری مہم کے ذریعے پاکستان کے مثبت پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ فرانس میں ملکی سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سفیر پاکستان نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل مینجمنٹ کورس کے وفد کو پیرس کے دورے کے دوران فرانسیسی انتظامی ڈھانچے، ان کے تربیتی نظام اوردوسرے شعبوں میں بہترین طریقوں اور پالیسیوں کے بارے میں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ نیشنل مینجمنٹ کورس کا وفد پیرس میں اپنے ایک ہفتہ کے قیام کے دوران فرانسیسی وزارت خارجہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی، اعلی تعلیمی مراکز برائے وزارت داخلہ، بزنس فرانس، فرانس بزنس فیڈریشن، اور نیشنل میوزیم آف ایشین آرٹس کے حکام سے ملاقاتیں اور آگاہی حاصل کرے گا۔