کنٹونمنٹ حکام کی غفلت، تھڑے توڑنے کے بعد کھلی نالیوں اور گندگی سے مکینوں کا جینا دو بھر

November 17, 2018

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) تجاوزات کے خاتمے نے ایک طرف عوام کو سکون کا سانس دیا مگر دوسری طرف کھلی نالیوں اور گندگی نے مکینوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ کنٹونمنٹ حکام کی غفلت سے صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے، صدر بازار جو شہر کا سب سے پرانا علاقہ ہے ، میں پرانی بلڈنگز کے تھڑے توڑنے کے بعد نہ تو ملبہ اٹھایا گیا اور نہ ہی تھڑوں کے بعد کھلی نالیوں کا بندوبست کیا گیا۔ نالیاں کھلی ہونے کی وجہ سے سارے بازار کی گندگی نالیوں میں جانے سے نالیاں اٹی پڑی ہیں۔بدبو سے گزرنا مشکل ہے۔جن مکانوں کے سامنے تھڑے توڑے گئے ان کو بتایا گیا تھا کہ سیوریج لائن بچھائی جائے گی مگر کنٹونمنٹ حکام نے اس سلسلے میں کوئی پیشرفت نہیں کی۔ اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی مکینوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔صفائی کی ناگفتہ بہ صورت حال سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ مکینوں اور تاجروں نے سٹیشن کمانڈر سے مطالبہ کیا ہےکہ ہمیں اس اذیت سے نجات دلائیں۔