زمینوں کے قبضے چھڑا کر کراچی سرکلر ریلوے فوری بحال کرنے کا حکم

November 18, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے فوری بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی ميں اہم اجلاس ہوا جس میں حکم دیا گیا کہ کراچی بھر میں ریلوے کی زمینوں سے قبضہ چھڑانے اور کراچی سرکلر ریلوے کو فوری بحال کیا جائے۔عدالت نے سیاحتی مقاصد کیلئے صدر سے اولڈ سٹی ایریا تک ٹرام لائن کی بحالی کا بھی حکم دیا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی ریلوے نے بتایا کہ بیشتر علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر قبضہ ہے جس پر سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے تمام علاقوں سے ریلوے لائنز کلیئر کرائی جائیں۔ سپریم کورٹ نے کے ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے بوگیاں تیار کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ ریلوے کی مدد سے روٹ کا تعین کریگی جبکہ عدالت نے سیاحتی مقاصد کیلئے صدر سے اولڈ سٹی ایریا تک ٹرام لائن کی بحالی کا بھی حکم دیا۔سپریم کورٹ نے واضح حکم دیا کہ کہ کراچی ميں کوئی تجاوزات نظر نہ آئے اور تجاوزات کیخلاف آپریشن پورے شہر میں تیز کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے ایف ٹی سی پُل کے نیچے تعمیر کی گئی دکانیں گرانے اور شارع فیصل، راشد منہاس روڈ پر ہر طرح کی تجاوزات ختم کرنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے تمام کنٹونمنٹ بورڈز اور ڈی ایچ اےکو بھی تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا۔