وزرا تباہ کن سائبر حملے کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار نہیں،برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا انتباہ

November 19, 2018

لندن( پی اے ) برطانیہ کی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے متنبہ کیاہے کہ وزرا برطانیہ کے اس نازک موڑ پربڑھتے ہوئے سائبر حملے کے خطرات کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے بامقصد طریقے سے شعوری طورپر تیار نہیں ہیں۔ قومی سلامتی کی حکمت عملی سے متعلق مشترکہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس وقت جب روس سائبر حملے کی صلاحیتوں میں اضافہ کررہاہے ہمارے وزرا کی دور اندیشی انتہائی نامناسب ہے، کمیٹی نے وزیر اعظم تھریسا مے سے مطالبہ کیا کہ سائبر سیکورٹی کا ایک الگ وزیر مقرر کیاجائے جو قومی ضروریات پوری کرنے کیلئے کوششیں کرسکے، سینئر ارکان پارلیمنٹ اورلارڈز پر مشتمل کمیٹی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بریگزٹ کے بعد بھی یورپی یونین کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور سائبر پر اشتراک جاری رکھنے کو ترجیح دے۔ کمیٹی نے یہ بات نوٹ کی ہے کہ حکومت نے اہم قومی انفراسٹرکچر پر ایک بڑے حملے کاپتہ چلایاتھا جو کہ اعلیٰ ترین قومی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ تھا اور اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوسکتے تھے۔ اگرچہ وزرا شعوری اقدامات کی ضرورت کااظہار کرتے ہیں لیکن اس حوالے سے اقدامات متوقع خطرات کامقابلہ کرنے سے مطابقت نہیں رکھتے۔کمیٹی نے کہاہے کہ ہم حکومت کے جذبات کی تعریف کرتے ہیں لیکن ایسامعلوم ہوتاہے کہ حکومت اس مسئلے کی ہنگامی نوعیت کے اعتبار سے ضروری اقدامات میں ناکام رہی ہے۔