رادھرم چائلڈ سیکس سکینڈل میں چھ مجرموں کو 10سے 23سال قید

November 19, 2018

لندن (نیوز ڈیسک) رادھرم چائلڈ سیکس ابیوز سکینڈل میں ملوث چھ افراد کو شفیلڈ کرائون کورٹ نے 10سے 23 سال قید سنائی ان پر لڑکیوں کے جنسی استحصال، ابیوز ،گرومنگ اور گینگ ریپ کے الزامات تھے۔ سزا پانے والوں میں محمد عمران علی اختر، نبیل خورشید، اخلاق یوسف، تنویر علی، صلاح احمد اور آصف علی شامل ہیں۔ ساتویں ملزم کا نام بوجوہ افشا نہیں کیا گیا جس کو دو الزامات میں بعد میں سزا سنائی جائے گی۔ مجرموں نے لڑکیوں کو ڈرگس، شراب پلا کر ان کے ساتھ پر تشدد اور جنسی عمل کیا تھا۔ لڑکیوں کو دوستی کا جھانسہ دے کر جال میں پھنسایا گیا تھا۔ ٹرائل کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ایک لڑکی کو 10ایشیائی افراد نے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اس وقت لڑکی کی عمر صرف 16سال تھی عدالت نے مجرموں کو 10 سے 23سال قید کی سزائیں سنائیں۔ تمام مجرم برٹش پاکستانی ہیریٹج رکھتے ہیں۔ ان افراد نے 13سے 16سال عمر کی ان لڑکیوں کو 1998سے 2005تک سات سال ٹارگٹ اور گروم کیا۔ متاثرہ لڑکیوں میں سے ایک نے کہا کہ مجھے یوں لگتا ہے کہ میں برسوں سے مسلسل انصاف کیلئے لڑائی لڑ رہی ہوں، امید ہے کہ عدالت یہ محسوس کرے گی کہ ان لوگوں نے میری زندگی تباہ کر دی۔ ا س کا کہنا تھا کہ اب شاید میری زندگی مکمل طور پر نارمل نہ ہو سکے۔ شفیلڈ کرائون کورٹ کی جج سارہ رائٹ نے مجرموں کو سزا سناتے ہوئے ان سے کہا کہ تم نے کم عمر لڑکیوں کے خلاف جنسی جرائم کا ارتکاب اور اس کی حوصلہ افزائی کی۔ تمام لڑکیوں کو تم نے جنسی استحصال کیلئے گروم کیا۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ تمام لڑکیاں نازک اور کمزور تھیں۔ یہ سزائیں آپریشن سٹوووڈ میں پکڑے جانے والے مجرموں کو انصاف کےکٹہرے میں لانے کی تازہ ترین کامیاب کارروائی ہے۔ یہ آپریشن نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے 2014 میں اس رپورٹ کے بعد شروع کیا تھا، جس میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ رادھرم میں 1400 بچوں کو 1997 سے 2013 کے درمیان جنسی ابیوز کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ این سی اے کے پال ولیمسن نے کہا کہ ان مجرموں کو سزائیں سنائے جانے سے یہ بالکل واضح ہو گیا ہے کہ اب کوئی بھی مجرم اپنے انجام سے نہیں بچ سکے گا۔ یہ لوگ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے تھے۔ عدالت نے رادھرم کے محمد عمران علی اختر کو 23 سال قید، نبیل اختر کو 19 سال قید، اخلاق یوسف کو 20 سال قید، تنویر علی کو 14 سال قید، صلاح احمد کو 15 سال قید اور آصف علی کو 10 سال قید سنائی۔ ساتویں فرد کو بعد کی تاریخ میں ریپ کے دو الزامات میں سزا سنائی جائے گی۔