تیسر ٹاؤن میں کرنٹ سے بچے کی ہلاکت،کے الیکٹرک ذمہ دار ہے،نعیم الرحمٰن

November 19, 2018

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی اور غیر انسانی رویہ کے باعث تیسر ٹاؤن میں 4سالہ خضر کے جاں بحق ہو نے پر کے الیکٹرک کی انتظامیہ اور متعلقہ ریجن اور ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور بچے کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے ،جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے ،انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے تاروں سے کرنٹ لگنے سے تیسر ٹاؤن میں 4سالہ خضر کی ناگہانی موت‘ ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے ۔اس سے قبل ملیر میں بھی معصوم اذہان بارش کے دوران تار گر نے اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو ا جبکہ تاروں سے کرنٹ لگنے سے دو بچے اپنے ہاتھوں سے محروم ہو چکے ہیں،علاوہ ازیں پی ایم ٹی گر نے کے واقعے میں بھی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاعات موجود ہیں ، کرنٹ لگنے والے تمام واقعات میں تاروں کے گر نے اور کرنٹ پھیلنے کی اطلاع کے الیکٹرک کو دی گئی مگر عملے اور متعلقہ ذمہ داران کی طرف سے مجرمانہ غفلت و لاپرواہی اور بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا۔