جنوبی وزیرستان، فوجی اہلکاروں پر دہشت گردوں کا حملہ لانس نائیک شہید، 2 سپاہی زخمی

November 19, 2018

ٹانک(نمائندہ جنگ)جنوبی وزیرستان کے علاقہ پامنہ میں بیٹنی اسکاؤٹس کے 244ونگ کی گشتی پارٹی پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس سے لانس نائیک بختاور جان منگل شہید جبکہ دو سپاہی زخمی ہو گئے۔سب ڈویژن لدھا کے علاقہ پامنہ میں گزشتہ شب 244ونگ کی گشتی پارٹی معمول کی پیٹرو لنگ پر تھی اس دوران نامعلوم دہشت گردوں نے ان پر فائر نگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں ایک سیکورٹی اہلکار لانس نائیک بختاور جان موقع پر شہید ہو گئے جبکہ سپاہی حیدر زمان اور سپاہی اکمل زخمی ہو گئے، شہید کی نماز جنازہ اتوار کے روز مکین اسپورٹس اسٹیڈیم میں ادا کر دی گئی نماز جنازہ میں آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف ،55بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈئیر واجد ،ڈپٹی کمانڈنٹ 55بریگیڈ، کمانڈنگ آفسیر مکین لیفیٹنٹ کرنل شفاعت اور پریس کلب کے صدر آور دین سمیت آرمی کے دیگرحکام نے شرکت کی نماز جنازہ کے بعد شہید کی جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقہ کرم روانہ کر دیا گیا۔