’’بلوچستان میں دہشت گردی دم توڑ چکی ہے‘‘

November 19, 2018

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ الحمدللہ بلوچستان میں دہشت گردی دم توڑ چکی ہے اور یہاں اب امن کا دور دورہ ہے۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر میں ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں کہی، ان کا کہناتھا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں فورسز کے ساتھ عوام نےبھی صف اول کاکردارادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز مشکل علاقوں میں ایف سی اہلکار موجود رہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے ہر وار کو سینے پر سہا ہے، تاہم اللہ کےفضل سے اب بلوچستان میں امن قائم ہوچکا ہے اور عوام اور فورسز نےمل کر دشمن کےعزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے بتایاکہ عسکری اور سیاسی قیادت بلوچستان کی ترقی پر کام کر رہی ہے، ان کا یہ بھی کہناتھا کہ پاک فوج کی تربیت کےبعد بلوچستان میں پولیس اپنے پاؤں پر کھڑی ہوچکی ہے، حکومت کےساتھ مل کر پولیس کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

کمانڈر کا کہنا تھا کہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ہتھیار پھینک کر واپس آنا چاہتے ہیں، حکومت بلوچستان نےاس حوالےسے ایک پروگرام بھی شروع کیاہے، ہتھیارپھینک کرآنےوالوں کاکہناہے کہ انہیں بھڑکایاگیا، ہم سب سنجیدگی سے بلوچستان کی ترقی کےلئےکام کررہےہیں۔

ان کا کہناتھا کہ امن اور ترقی کاآپس میں قریبی تعلق ہے،امن اور ترقی نےساتھ ساتھ چلناہے،الحمدللہ بلوچستان میں پہلےبھی کام ہو رہا ہے، آنے والے دنوں میں مزید کام ہوگا، بلوچستان میں آنےوالےدنوں میں خوشحالی کا دور آرہاہے بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرےگی۔

تقریب سے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نےبھی خطاب کیا۔