بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیئے جائیں گے‘ملک عثمان اچکزئی

November 20, 2018

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ چیئرمین قلعہ عبداللہ ملک محمد عثمان اچکزئی کی صدارت میں پیر کو بلوچستان کے 20سے زائد ڈسٹرکٹ چیئرمینوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کرکے انہیں ڈسٹرکٹ چیئرمینوں کے مسائل ،چھ ماہ سے بند ملازمین کی تنخواہوں اور چیئرمینوں کے اعزازیہ سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کے بجٹ 2018-19ء پر بھی غور و خوض کیا گیا اور فیصلہ کیاگیا کہ جلد ہی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی جائے گی اوران سے بجٹ ریلیز کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی ، اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ڈسٹرکٹ چیئرمینوں اور بلدیاتی اداروں کو اختیارات دیئے جائیں گے لیکن تاحال اس پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا ، ملک عثمان اچکزئی نے کہا کہ اگر جلد مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک چلانے پر بھی غور کیا جائے گا ۔