حسین نقی صحافیوں کے استاد ہیں تو ہمارے بھی استاد ہیں، ہماری کوئی انا نہیں، چیف جسٹس کا صحافیوں کو جواب

November 20, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ میں گزشتہ روز ہیلتھ کمیشن کے بورڈ آف کمشنرز کی تحلیل کے معاملہ میں بزرگ صحافی حسین نقی کے خلاف چیف جسٹس پاکستان کے سخت ریمارکس پر سینئر صحافیوں نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹر ی میں پیش ہو کر چیف جسٹس پاکستان کو اپنے جذبات سے آگاہ کیا ۔اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ حسین نقی صحافیوں کے استاد ہیں تو وہ ہمارے بھی استاد ہیں، ہماری کوئی انا نہیں، حسین نقی کی داد رسی کیلئے حاضر ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں بھی حسین نقی کا احترام ہے،کیا آپ چاہتے ہیں حسین نقی کو دوبارہ بورڈ میں شامل کر دیں؟اس جس پر صحافیوں نے کہا کہ حسین نقی کی ذات عہدوں سے بالاتر ہے، انکی عزت ہمارے لیے اہم ہے، حسین نقی صحافیوں کی تین نسلوں سے استاد ہیں۔