کراچی: گارڈ نے 2 ڈاکو مار دیئے، مختلف علاقوں سے کئی افراد گرفتار

November 20, 2018

کراچی کے علاقے کورنگی میں فیکٹری کے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

شہر میں رینجرز کی مختلف کارروائیوں اور پولیس مقابلوں میں 4زخمی ملزمان کو گرفتار اور 11سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

کورنگی انڈسٹریل ایریامیں سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کر کے 2ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہو گیا۔

عزیزآباد، بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس اور رینجرز نےمشترکہ سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 104 گھروں کی تلاشی لی گئی۔

آپریشن کے اختتام پر11مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے تھانے منتقل کردیا گیا جبکہ 3 موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دی گئیں۔

کورنگی بلال کالونی اور مہران ٹاؤن میں بھی رینجرز اور پولیس نے آپریشن کرکے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔

ناظم آباد ایک نمبر میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں 2ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

گلشن حدید میں بھی مبینہ مقابلے کے بعد دوملزمان کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے ان سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔