جسٹس ثاقب نثارلندن پہنچ گئے، انتہائی مصروف وقت گزاریں گے

November 21, 2018

لندن (جنگ نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار منگل کی شام پی آئی اے کی پرواز سے برطانیہ کے سات روزہ دورے پر لندن پہنچے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار برطانیہ میں انتہائی مصروف وقت گزاریں گے۔ وہ پاکستان میں ڈیم کی تعمیر کے لیے مختلف شہروں میں ہونے والی فنڈ ریزنگ تقریبات میں شرکت کریں گے۔ سینئر قانون دان میاں ظفر اقبال کلانوری اور سپریم کورٹ کے سابق صدر پیر کلیم احمد خورشید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار آج بدھ21نومبر کو برطانیہ پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے اور مسلم اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ وہ اسی روز لارڈ چیف جسٹس سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ گریزان لاء سوسائٹی آف سولیسٹرز اور لا سوسائٹی آف بیرسٹرز سے بھی خطاب کریں گے۔ وہ جمعرات کو لندن میں وائٹ کالر کرائم کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔ چیف جسٹس بین الاقوامی مصالحتی ادارےCIARBکے عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ شام میں لندن کے ایک ریسٹورنٹ میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے منعقد ہونے والی فنڈ ریزنگ تقریب میں پاکستانیوں سے خطاب کریں گے۔ 23نومبر کو چیف جسٹس مانچسٹر پہنچیں گے۔ وہ مانچسٹر میں انیل مسرت اور دیگر پاکستانیوں کی طرف سے ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کریں گے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار24نومبر کو برمنگھم پہنچیں گے۔ جہاں وہ فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کریں گے۔ 26نومبر کو پاکستانی وکیل خاور قریشی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان27نومبر کو لنکزان میں اپنے بیٹے کے بیرسٹر بننے کی تقریب میں شریک ہوں گے اور اسی شام واپس پاکستان روانہ ہوجائیں گے۔