لندن کے فلیٹ سے 2 دھماکا خیز ڈیوائسز برآمد

November 22, 2018

برطانوی دارالحکومت لندن کے شمال مغربی علاقے میں واقع ایک فلیٹ سے 2 دھماکا خیز ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں۔

لندن کی پولیس کے مطابق یہ ڈیوائسز جس فلیٹ سے برآمد ہوئی ہیں وہ خالی تھا، پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے دونوں ڈیوائسز کو ناکارہ بنادیا ہے۔

ڈیوائسز ملنے کے بعد پولیس نے ارد گرد کے گھروں میں سرچ آپریشن کیا ، یہ آپریشن مکمل کر کے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا، جبکہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ 8گھنٹے تک لندن پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کیا جس کے دوران اس علاقے میں پولیس موبائلز، بارودی مواد تلاش کرنے والے اداروں کی گاڑیاں اور ایمبولینسز بڑی تعداد میں دیکھی گئیں۔

8گھنٹے سرچ آپریشن کرنے کے بعد سڑکیں ٹریفک اور لوگوں کی آمد و رفت کے لیے کھول دی گئی ہیں۔