طالب علم اپنی آمدنی میں کیسے اضافہ کرسکتے ہیں؟

December 02, 2018

اکیسویں صدی جہاں دنیا بھر میں مختلف رجحانات لیے نمودار ہوئی ہے، وہیں آج کا طالب علم اس فکر سے آزاد ہے کہ ہاتھ میں ڈگری آئے تو ملازمت کے لیے بھاگ دوڑ شروع کی جائے۔ ہمارے کتنی ہی طالب علم ایسے ہیں، جو پڑھائی کےساتھ ساتھ کم عمری میں روزگار بھی حاصل کررہے ہیں، چاہے وہ کام چھوٹے پیمانے پر ہی شروع کیوں نہ کیا گیاہو۔ لیکن اپنا کام کرنے کے دوران جو سب سے پہلی مشکل طالب علموں کو پیش آتی ہے، وہ ایک باقاعدہ آفس کا نہ ہونا ہے۔ کیریئر کے آغاز اور سرمائے کی قلت کے سبب اکثر افراد یہ سوچ کر اپنا کاروبار شروع نہیں کرتے کہ آفس کہاں سےآئے گا؟ اگر کرائے پرآفس لیا جائے تو ہر ماہ ہزاروںروپے کا کرایہ کیسے ادا کیا جائے گا ۔بطور طالب علم کسی بھی کاروبار کے آغاز میں اگر آپ اس مشکل کا شکار ہیں تو ایسا کاروبار کرنے کا سوچیں، جو بغیرآفس ہی آپ کو کامیابی کی جانب راغب کرسکے۔ اب آپ یقیناً یہ سوچ رہے ہوں گے کہ ایسے کام کون سے ہیں، جن کو آفس کے بغیر شروع کیاجاسکتا ہے، آئیے جانتے ہیں۔

آن لائن بزنس

دنیا کی آبادی تیزی سے آن لائن کاروبار کی جانب منتقل ہورہی ہے اور اب اس مارکیٹ کو دنیا کی سب سے بڑی کاروبار ی مارکیٹ بھی کہا جارہا ہے۔ آن لائن دنیا بہت ہی وسیع ہے، صرف اس لحاظ سے نہیں کہ یہاں آپ کو ہر قسم کی معلومات اور ہر طرح کی انٹرٹینمنٹ کا سامان میسر آتا ہے بلکہ یہاں کیا جانے والا کاروبار اس نوعیت کا ہوتا ہے، جس کے لیے آپ کوعام بزنس کی طرح ملازمین سے بزنس آئیڈیاز شیئر کرنے یا ان کی کارکردگی جانچنے کے لیےکسی آفس کی ضرورت نہیں پڑتی۔

ویڈیو بلاگنگ

وی بلاگنگ یا ویڈیو بلاگنگ ایک ایسا کاروبار ہے، جس کےلیے آپ کو نہ ہی زیادہ سرمائے کی ضرورت ہے اور نہ ہی کسی آفس کی چار دیواری کی۔2003ء میں گوگل نے ویڈیو بلاگنگ کا آغاز کیا۔ آپ کا اسمارٹ فون،ٹیبلٹ یا آپ کےلیپ ٹاپ کا کیمرہ ہی اس کاروبارکا سرمایہ ثابت ہوتا ہے۔ اگر آپ کے پاس ایک اچھے کیمرے والا لیپ ٹاپ،اسمارٹ فون یا پھر ٹیبلٹ موجود ہے، تو آپ مختلف موضوعات پر ویڈیوز بناکر انہیں یوٹیوب پر اَپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ یہ ویڈیو ز کسی بھی ہنر یا پھر کسی بھی موضوع پر بنائی جاسکتی ہیں اور ان پر اشتہارات کے ذریعے آپ لاکھوں کماسکتے ہیں۔

ایونٹ مینجمنٹ

کیا آپ کے اندر ایک اچھا ایونٹ آرگنائزر موجود ہے یا آپ کی ماسٹرز کی ڈگری ایونٹ مینجمنٹ کی ہے؟ کیا آپ اس بات پر پُراعتماد ہیں کہ آپ ایک ایونٹ کے لیے پلاننگ، ڈیزائننگ اور چیزوںکو ترتیب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں ؟ ایونٹ مینجمنٹ ایک ایسا کاروبار ہے، جسے کم سرمائے اور چھوٹی چھوٹی تقاریب کا اہتمام کرنے کی صورت شروع کیا جاتا ہے۔ پھر اس کاروبار کا دائرہ کار بڑی بڑی کمپنیوں، تعلیمی اداروں، شادی کی تقریبات اور سیاسی جماعتوں کے ایونٹس کی مینجمنٹ کے ذریعے وسیع سے وسیع تر کیا جاسکتا ہے۔

ٹیوشن

اگر آپ مختلف مضامین کو پڑھانے میں اچھے ہیں یا پھر آپ کو کسی زبان پر عبور حاصل ہے تو کوچنگ کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ کوچنگ یا ٹیوشن کے لیے بھی آپ کو کسی آفس کی ضرورت نہیں پڑتی سوائے آپ کی مہارت کے۔ آپ تعلیم یافتہ ہیں تو گھر میں ٹیوشن پڑھانے یا آن لائن ٹیچنگ کی جانب رُخ کریں۔ ان دنوں آن لائن ٹیچنگ، ہوم ٹیچنگ سے زیادہ عام ہے۔ آ ن لائن ٹیوشن پڑھانے کے لیے اسکائپ کو استعمال کیا جاتا ہے۔ا سکائپ کے ذریعے بچوں کو مختلف مضامین پڑھائے جاسکتے ہیں۔یہی نہیں، آن لائن ٹیچنگ اکیڈمی بناکر دوسروں کو بھی اس میں شامل کرکے پیسے کمائے جاسکتے ہیں۔

ٹور گائیڈ

کیا آپ کو سیرو تفریح پسند ہے ؟جیساکہ نئی جگہوں پر جانا،نئے لوگوں سے ملنا اور ان سے بات چیت کرنا اچھا لگتا ہے۔ کیا آپ کو بھی لگتا ہے کہ گھومنے پھرنے سے جسم،قلب اور ذہن تر وتازہ ہو جاتا ہے؟ اگر آپ کو یہ سب پسند ہے تو بطور ’ٹور گائیڈ‘ اپنا مستقبل بنا سکتے ہیں۔ ٹور گائیڈ بن کر نہ صرف آپ اپنا سیر و تفریح اور گھومنے پھرنے کا شوق پورا کر سکتے ہیںبلکہ معقول آمدنی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ ٹور گائیڈ بننے کے لیے بھی آپ کو آفس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

رئیل اسٹیٹ

آبادی میں بڑھتے اضافے کے سبب رئیل اسٹیٹ کاروبار کی مانگ میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہےاور بات کی جائےکراچی کی تو یہ شہر پاکستان کے دیگر شہروں کی بنسبت بہت زیادہ آبادی والا مانا جاتا ہے اور اس کی آبادی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ اس اضافے کی وجہ سے مکان اور فلیٹس کی قیمتوں اور کرایوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ آپ گھر بیٹھے سوشل میڈیا اور اخبارات سے استفادہ حاصل کرکے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں کام کرسکتے ہیں اور مکانات کی خرید و فروخت اور کرائے کے ذریعے معقول آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔ کوشش کریں کے اس حوالے سے کسی تجربے کار شخص کی رہنمائی بھی حاصل کرلیں۔